اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ملاقات کی اجازت دے دی گئی ہے۔
میگا کرپشن کیسز میں نیب کی زیر حراست شہباز شریف سے ان کے بڑے بھائی اور سابق وزیراعظم نواز شریف آج ملاقات کر رہے ہیں، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں نیب کیسز اور دیگر معاملات پر بات چیت ہوگی، اس موقع پر مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت خاندان کے دیگرافراد بھی شامل ہوں گے۔
ان دنوں قومی سیاسی محاذ پر حکومتی و اپوزیشن کشمکش عروج پر ہے، تحریک انصاف حکومت کے 100 دن کے حوالے سے اپوزیشن خوب پوائنٹ سکورنگ کر رہی ہے، ن لیگ کی جانب سے حکومت کو خوب ہدف تنقید بنایا جا رہا ہے۔ نواز شہباز ملاقات میں سیاسی صورتحال پر پارٹی حکمت عملی طے پانے کے حوالے سے پیش رفت بھی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف، مریم، حسن اور حسین نواز کے خلاف کیسز پر تازہ پیش رفت کے حوالے سے بھی شہباز شریف سے مشاورت کی جائے گی۔