لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کو جیل بھجوا دیا۔
لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو سخت سکیورٹی میں احتساب عدالت لایا گیا۔ سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف سے تفتیش کا عمل جاری ہے، ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کی جائے۔
شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے موقف اپنایا کہ ان کے موکل کا 2011 سے 2017 تک کا ریکارڈ ٹیکس ریٹرن میں شامل ہے، ذاتی 20 کروڑ کی اراضی کی رقم سے تحائف دیئے، جو بھی تمام رقم نکلوائی اپنے اکاونٹ سے نکلوائی، رمضان شوگر سے شہباز شریف کا کوئی تعلق نہیں۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے وکیل نے استدعا کی کہ آشیانہ کیس میں میں سارے مفروضے ہیں، مزید جسمانی ریمانڈ نہ دیا جائے۔ احتساب عدالت نے نیب کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شہباز شریف کو 7 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ شہباز شریف کو 13 دسمبر کو دوبارہ احتساب عدالت پیش کیا جائے گا۔