اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب راولپنڈی نے سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کیخلاف منی لانڈرنگ الزامات پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کو آج تمام ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔
نیب نے عثمان ڈار کو خط لکھ کر ان سے سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف کی غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق ثبوت مانگ لیے۔
ادھر نیب کے خط کے بعد عثمان ڈار نے نیب حکام کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا، ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی کرپشن، منی لانڈرنگ اور غیر ملکی فنڈنگ کے ثبوت دوں گا۔ عثمان ڈار نے الزامات لگائے کہ خواجہ آصف نے بطور وزیر پانی و بجلی قومی خزانے کو بے پناہ نقصان پہنچایا، اس کے علاوہ خواجہ آصف نے اقامے کی آڑ میں منی لانڈرنگ کی اور کرپشن کے ریکارڈ توڑے۔
عثمان ڈار نے مزید کہا کہ خواجہ آصف نے وفاقی وزیر ہوتے ہوئے غیر ملکی کمپنیوں میں ملازمت کی، ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی کرپشن کے چشم کشا حقائق نیب کے سامنے رکھوں گا۔