اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کا بڑا فیصلہ، بغیر ہیلمٹ پٹرول نہیں ملے گا

Last Updated On 11 December,2018 09:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہر میں ٹریفک جام کے مسئلہ سے نمٹنے کے لیے صبح اور شام کے مخصوص اوقات میں بھاری ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ شہر میں لگے بڑے بڑے بل بورڈز بھی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق تمام پٹرول پمپ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی موٹر سائیکل سوار کو جس نے ہیلمٹ نہ پہنا ہو پٹرول نہ دیا جائے۔

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سال 2018ء میں موٹر سائیکل کے 68 حادثات ہوئے جن میں بغیر ہیلمٹ کے 75 فیصد مسافر ہلاک ہوئے۔ انتظامیہ نے ایکسپریس وے اسلام آباد پر آئے روز ٹریفک جام ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سکول اور دفتری اوقات میں بھاری ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا، بھاری ٹریفک صبح سات بجے سے نو بجے تک ایکسپریس وے پر داخل نہیں ہو سکے گی، شام کو پانچ سے سات بجے تک بھاری ٹریفک ایکسپریس وے پر داخل نہیں ہو سکے گی۔

اس کے علاوہ ملک بھر کے بعد اب اسلام آباد میں بھی بڑے بڑے بل بورڈز گرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، عمارتوں اور شاہراہوں پر لگے بڑے بڑے بل بورڈز ہٹائے جائیں گے۔