وفاقی کابینہ کی کارکردگی کے جائزے کیلئے ہر 3 ماہ بعد اجلاس بلانےکا فیصلہ

Last Updated On 10 December,2018 04:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف فیصلے کیے گئے جن میں‌کابینہ ارکان کی کارکردگی کیلئے ہر 3 ماہ بعد اجلاس بلانے اور تمام وزارتوں کو متعلقہ شعبوں میں بہتری کیلئے 5 سالہ منصوبہ دینے کا ٹاسک شامل ہیں.

 وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی وجہ سے دیگر تمام مصروفیات منسوخ کر دیں، ذرائع کے مطابق وزیراعظم اجلاس میں وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، آئندہ کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات سے متعلق بھی وزرا سے تجاویز بھی مانگ لی گئیں۔

اجلاس  میں ہر وزارت اور ڈویژن کو بریفنگ کے لیے علیحدہ وقت دیا گیا، بریفنگ کے بعد سوالات بھی کئے گئے، وزیراعظم نے وزرا کی کارکردگی جاننے کیلئے ہر 3 ماہ بعد اجلاس طلب کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔

ترجمان وزیراعظم کے مطابق حکومت کا بنیادی مقصد عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے، جاری اعلامیے کے مطابق تمام وزارتوں کو متعلقہ شعبوں میں بہتری کیلئے 5 سالہ منصوبہ دینے کا ٹاسک دیا گیا، ہر وزارت سے کفایت شعاری مہم اور آئندہ پلان پر بات کی گئی۔