اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے سب سے پہلے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنا ہے، ہر وقت ہاتھ پھیلانے سے کوئی ملک کبھی خود مختار نہیں بن سکتا۔
وزیراعظم عمران خان کا اسلام آباد میں پاکستان اکنامک فورم کی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ میرا وژن ہے کہ پاکستان ایک خود مختار ملک بنے، ہمیں دوسروں پر انحصار کرنے کی بجائے خود انحصاری اختیار کرنا ہوگی، کوئی ملک ہر وقت ہاتھ پھیلائے تو کبھی خود مختار نہیں بن سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین نے گزشتہ 30 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، ہماری حکومت بھی ملک سے غربت ختم کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی، غربت کے خاتمے کیلئے مربوط پروگرام لا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جائز طریقے پیسہ بنانا گناہ نہیں لیکن ٹیکس چوری کرنا اور غیر قانونی طریقے سے پیسہ بنانا گناہ ہے، ہم نے اپنے ملک میں سرمایہ کاروں کو پرامن ماحول دینا ہے، تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کے علاوہ اپنی برآمدات بڑھانے کیلئے بھی جامع اقدامات کریں گے۔