جہلم: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی، ملک میں شفاف طریقے سے احتساب ہو رہا ہے، تحریک انصاف کے لوگ بھی نیب کو جواب دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری کا جہلم میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اپوزیشن پارلیمانی راہ میں رکاوٹ ڈالتے ہوئے غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، انھیں ملکی ترقی اور امن سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ اسمبلی کو نیب کے اوپر ایک بورڈ آف گونر بنا دیا گیا ہے، تمام ملزم نیب کی صفائیاں دینے کیلئے اسمبلی کا فورم استعمال کر رہے ہیں، آج اپوزیشن نے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر نہ ہونے پر واک آؤٹ کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے آج پھر نیا بہانہ بنا لیا کیونکہ ان کا ایجنڈا مقدمات سے جان چھڑانا ہے، اپوزیشن ہر وقت نیب پر تنقید کرتی ہے، یہ سب دباؤ ایک اور این ار او لینے کے لئے ڈالا جا رہا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ جب سابق وزیراعظم نواز شریف نے اقتدار سنبھالا تو گیس کی کمی نہیں تھیں اور نہ ہی قرضہ تھا لیکن جیسے ہی انہوں نے اقتدار چھوڑا ہر ادارہ بحران کا شکار ہو گیا، سابق حکومت نے ملک کے اداروں کا ستیاناس کر دیا، ہم سب اداروں کو نئے سرے سے بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی کا فورم عوام کے مسائل کے حل کیلئے استعمال ہونا چاہیے لیکن اسمبلی نیب کے ملزمان کا اکھاڑا بن گئی ہے، ملزم اسمبلی میں آ کر نیب پر تنقید کرتے ہیں۔