اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے آصف زرداری کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں کہ آصف زرداری نے اثاثے چھپائے اس لئے وہ رکن اسمبلی رہنے کے اہل نہیں، ان کے خلاف ریفرنس دائر کریں گے جس کی ذمہ خرم شیر زمان کو دی ہے۔ عالمی اداروں نے کرپشن کیخلاف تحقیقات کو سراہا، سعودی عرب تاریخ کی بھاری سرمایہ کاری پاکستان لا رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری امریکا میں ایک اپارٹمنٹ کے مالک ہیں، الیکشن لڑتے وقت انھوں نے فلیٹ اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا۔آئین کے آرٹیکل 62،63 کے تحت تمام اثاثے ظاہرکرنا لازم ہے۔ اثاثے چھپانے پرآصف زرداری اسمبلی کے رکن رہنے کے اہل نہیں۔ان کے خلاف ریفرنس دائر کریں گے جس کی ذمہ داری خرم شیر زمان کو دے دی ہے۔ قومی خزانہ لوٹنے والوں سے متعلق وزیراعظم کا وژن واضح ہے، نوازشریف اور آصف زرداری اپنا آخری الیکشن لڑ چکے ہیں۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ پاکستان کا مثبت تاثر ابھرکردنیا کے سامنے اجاگرہوا ہے،ہم نے تمام اداروں کو فری ہینڈ دیا ہے جو سب کیلئے یکساں ہے، پاکستانی معیشیت پرچھائے ہوئے بادل چھٹ رہے ہیں، کل برٹش ایئرویز نے فلائٹ آپریشن کاآغاز کرنے کا اعلان کیا، سعودی عرب پاکستانی تاریخ کی سب سے بھاری سرمایہ کاری لارہا ہے۔
بھارت سے متعلق وزیر اطلاعات کاکہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم پر تحفظات ہیں، وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بندہونی چاہئیں، حامد انصاری کو سزا مکمل ہونے پر رہا کیا گیا۔