اراضی ہتھیانے کا سکینڈل: ملزمان کی گرفتاری کیلئے 10 جنوری تک مہلت

Last Updated On 20 December,2018 12:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے اراضی سکینڈل میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس پی انوسٹی گیشن کو 10 جنوری تک کی مہلت دے دی۔ عدالت نے ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا اس سے بڑا جرم کیا ہوگا جعلی عدالتی فیصلے تیار کیے گئے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کی، عدالتی حکم پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن عدالت میں پیش ہوئے۔ جعلی عدالتی فیصلے اراضی اسکینڈل میں ملزمان کو گرفتار نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ اب تک ملزمان کو گرفتار کیوں نہیں گیا، جعلی فیصلے تیار کیے گئے، اس سے بڑا جرم کیا ہوگا۔

عدالت نے ایس پی انویسٹی گیشن کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ انویسٹیگیشن آفیسر ہیں، ملزمان گرفتار ہونے چاہئیں۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن نے عدالت سے ملزمان کی گرفتاری کیلئے مہلت کی استدعا کی۔ عدالت نے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا، درخواست پر مزید کارروائی 10 جنوری کو ہو گی۔