اسلام آباد: (دنیا نیوز) 56 کمپنیوں میں استحقاق سے زائد تنخوائیں وصول کرنے کے معاملے پر ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹی نے اضافی تنخواہ واپس کرنے سے صاف انکار کر دیا، سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں نظر ثانی درخواست دائر کر دی۔
سپریم کورٹ نے پنجاب کی 56 کمپنیوں میں اضافی تنخواہیں لینے والے افسروں کواضافی تنخواہ واپس کرنے کا حکم جاری کررکھا ہے۔ ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹی علی عامر اور چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر نے اضافی تنخواہیں واپس کرنے سے صاف انکار کر دیا۔ دونوں افسران نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں نظر ثانی درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جتنی تنخواہ لی قانون کے مطابق وصول کی، کوئی اضافی تنخواہ نہیں لی۔ درخوات میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت فیصلے پر نظرثانی کرے۔