لاہور: (دنیا نیوز) ناراض لیگی رہنما ڈپٹی میئر وسیم قادر نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ۔ وسیم قادر نے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا باقائدہ اعلان کردیا۔ ذرائع کے مطابق وسیم قادر کو اہم ذمہ داری ملنے کا امکان ہے ۔
اس سے قبل وسیم قادر نے حمزہ شہباز کے رویے سے تنگ آکر پارٹی چھوڑدی تھی۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق یونین کونسل 172 میں کونسلر کی سیٹ پر ہونے والے ضمنی الیکشن کی ٹکٹ دینا جھگڑے کی اصل وجہ بنی، کونسلر غلام حسین کی وفات کے بعد ضمنی الیکشن کے لئے راحیل غلام حسین کو ڈپٹی میئر نے ٹکٹ دی جس کے بعد وسیم قادر دوروز تک اپوزیشن لیڈر سے وقت مانگتے رہے۔
ہنگامی بنیادوں پر ڈپٹی میئر کو مرکزی دفتر بلایا گیا جو چالیس رکنی وفد کے ہمراہ پہنچے تو اپوزیشن لیڈر کی طرف سے ایک نہ سنی گئی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ تم کون ہوتے ہو ٹکٹ دینے والے جس پر ڈپٹی میئر نے جواب دیا کہ جناب کسی سے لیکر نہیں کھاتا، کام کرنے والے ورکر کو ٹکٹ دی، انہوں نے طعنہ دیا کہ پی پی 168 کے ضمنی الیکشن میں جس امیدوار کو آپ نے ٹکٹ دی وہ ہار گیا۔ اس پر حمزہ شہبازغصے میں آ گئے اور پانی کی بوتل ڈپٹی میئر کو دے ماری، جواب میں وسیم قادر نے بھی بوتل مار دی۔