اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی انسداد سائبر کرائم کورٹ نے فیصل رضا عابدی کی تیسرے مقدمے میں بھی ضمانت منظورکرلی۔ عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے شریک ملزم کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔
اسلام آباد کی انسداد سائبر کرائم کورٹ کے جج طاہر محمود نے فیصل رضا عابدی کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ وکیل صفائی نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ ان کے موکل کی ضمانت منظورکرچکی ہے۔ فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی ابھی موصول نہیں ہوئی۔
عدالت نے شریک ملزم احسن سلیم کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کیا۔ وکیل نے پیشی کے لیے ایک اور موقع دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے استدعا مںظور کرتے ہوئے وکیل اور فیصل رضا عابدی کے بھائی کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کر دی اور فیصل رضا عابدی کی تیسرے مقدمے میں بھی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔