'علیم خان کیخلاف ثبوت مانگے گئے، نہیں چاہتا پی ٹی آئی کی باری آئے'

Last Updated On 21 December,2018 03:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعد رفیق نے احتساب قانون کو کالا قراردیتے ہوئے تحریک انصاف کے ارکان کی گرفتاری کی پیش گوئی کر دی۔ انہوں نے کہا علیم خان کے خلاف ثبوت مانگے گئے، نہیں چاہتا پی ٹی آئی کی باری آئے، آصف زرداری کی گرفتاری سے طوفانی اور ہیجانی کیفیت پیدا ہوجائے گی، میثاق جمہوریت کا دائرہ کار دیگر جماعتوں تک بڑھایا جائے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میرے خلاف منی ٹریل ہے نہ ہی کوئی دستاویزی ثبوت، مسلم لیگ ن کے دور میں بھی احتساب کو شفاف نہیں سمجھتا، میرے خلاف تفتیش کرنے والوں کو میرے مدعی کا نہیں پتا۔ انہوں نے کہا کہ معاملات کو بیلنس کرنے کیلئے اب حکومتی لوگوں کو گرفتار کیا جائے گا، ہم نہیں چاہتے کہ کوئی سلاخوں کے پیچھے جائے، حکومت اپوزیشن اراکین کو گرفتار کرنے کی روش چھوڑ دے، حکومت کسی کے کہنے پر ایسا کر رہی ہے یا خود کر رہی، یہ کل حکومت کے گلے میں پڑ جائے گا۔

سعد رفیق کا کہنا تھا غدار، باغی، چور اور شرپسند قرار دینے کا عمل بند ہونا چاہیے، ایک دوسرے کے چہرے کالے کرنے اور الزام تراشی کی سیاست کو رد کر کے ملکی مفاد کیلئے آگے بڑھا جائے۔ انہوں نے کہا پاکستانی عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ سے اپیل ہے کہ ٹھنڈے دماغ کے ساتھ ملک کی بہتری کیلئے سوچا جائے، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن بیٹھ کر میثاق جمہوریت کا دائرہ کار تمام سیاسی جماعتوں تک بڑھائیں۔