اسلام آباد: (روزنامہ دنیا ) وفاقی کابینہ کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں وزیر ریلوے شیخ رشید کو بھوک نے بے چین کیا تو انہوں نے وزیراعظم سے کھانا کھلانے کا مطالبہ کر دیا لیکن وزیراعظم نے ان کا یہ مطالبہ ماننے کی بجائے انھیں ڈائٹنگ کا مشورہ دے دیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیرریلوے شیخ رشید کو بیٹھے بیٹھے بھوک لگ گئی اور ان سے بھوک برداشت نہ ہوئی تو انہوں نے وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کا بھی لحاظ نہ کیا اور عمران خان سے کھانے کا مطالبہ کر دیا۔ شیخ رشید نے اجلاس میں وزیراعظم سے شکوہ کیا کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس چھ چھ گھنٹے طویل ہوتا ہے، اجلاس میں یا تو کھانا دیا جائے یا ہمیں لنچ باکس لانے کی اجازت دی جائے۔
وزیر ریلوے کی بھوک اور ان کے شکوے پر وزیراعظم عمران خان نے کان نہ دھرے اور الٹا برجستہ جواب دیا۔ وزیراعظم نے کھانے کا آرڈر دینے کے بجائے ہدایت کی کہ وفاقی کابینہ کے ارکان کی اکثریت کو لنچ کی نہیں بلکہ ڈائٹنگ کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم کے جملے پر وفاقی کابینہ اجلاس میں قہقہے گونج اٹھے۔