اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے ملاقات کی۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزیراعظم عمران خان اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کی ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی۔ ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل زبیر محمود نے وزیراعظم کو پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس نے وزیراعظم کو ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز پر بھی بریف کیا۔
وزیراعظم اور چیئرمین جوائنٹ چیفس نے ملک کی خارجی سلامتی کی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔