ایم این اے علی رضا عابدی کا قتل، 7 رکنی تحقیقاتی ٹیم بن گئی

Last Updated On 27 December,2018 02:44 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں قتل ہونے والے سابق متحدہ ایم این اے علی رضا عابدی کے قتل کی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی، ایس ایس پی ساوتھ پیر محمد شاہ کی سربراہی میں 7 رکنی ٹیم تفتیش کرے گی۔

ڈی آئی جی ساوتھ نے کراچی میں ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قتل کی 7 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ایس ایس پی ساوتھ پیر محمد شاہ کریں گے۔ ٹیم میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو، اے ایس پی سہائے عزیز، ڈی ایس پی مختیار احمد خاصخیلی، ڈی ایس پی راجا اظہر، انسپیکٹر اسد اللہ منگی، انسپیکٹر چودھری امانت شامل ہیں۔

ادھر واقعے کی ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی، جس میں پتہ چلا کہ ٹارگٹ کلرز علی رضا عابدی کا پیچھا کرتے ہوئے گھر تک پہنچے تھے، تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان ایم ٹی خان روڈ سے سابق ایم این اے کا پیچھا کر رہے تھے۔ گزشتہ روز گذری تھانے میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا، مقتول کا سوئم آج امام بارگاہ یثرب ڈیفنس میں ہو گا جس میں مختلف سیاسی رہنما بھی شریک ہونگے۔
 

Advertisement