علی رضا عابدی قتل کیس میں اہم پیشرفت، 4 مشتبہ افراد گرفتار

Last Updated On 28 December,2018 06:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سابق ایم این اے علی رضا عابدی قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے گزشتہ رات کارروائی کی گئی اور کراچی کے علاقے سٹار گیٹ کے قریب سے ایک شخص کو حراست میں لیا گیا، جس کے بعد زیر حراست ملزم کی نشاندہی پر مزید تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق تمام افراد ممکنہ طور پر علی رضا عابدی قتل کیس سے منسلک ہیں، حراست میں لئے جانے والے تمام افراد سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ منگل کی شب دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے علی رضا عابدی کو ان کے گھر کے باہر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ انھیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے۔

علی رضا عابدی ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رکن اسمبلی تھے۔ وہ 2013ء کے انتخابات میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ 2018 کے انتخابات میں انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا مقابلہ کیا جس میں انھیں شکست ہوئی تھی۔

عام انتخابات میں شکست کے بعد پارٹی قیادت سے اختلافات کے بعد علی رضا عابدی ایم کیو ایم پاکستان کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو گئے تھے۔
 

Advertisement