کراچی: (دنیا نیوز) آصف زرداری نے بینظیر بھٹو کی گیارہویں برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مخالفین سن لیں خود مختار اور بااختیار پارلیمنٹ پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ بینظیر بھٹو کے فلسفے پر ثابت قدم ہیں، آئین، جمہوریت اورانسانی آزادی کے نظرئیے پر قائم ہیں، شدت پسندی اور دہشت گردی کی مزاحمت کرتے رہیں گے۔ سابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ صبر اور برداشت کے اصول پر ثابت قدم رہیں گے، پیپلزپارٹی کمزور طبقات کے حقوق کا تحفظ کرتی رہے گی۔
ادھر یپلز پارٹی نے صنم بھٹو کو پارٹی میں اہم عہدہ دینے کا فیصلہ کر لیا، آصف علی زرداری کی ممکنہ گرفتاری کے بعد صنم بھٹو میدان میں اتریں گی۔ ذرائع کے مطابق صنم بھٹو بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ عوامی مہم میں بھی شرکت کریں گی۔ آصف زرداری کی گرفتاری کی صورت میں احتجاجی تحریک چلانے پر بھی غور کیا گیا۔
حکمت عملی کے طور پر تمام ایم این ایز، ایم پی ایز حلقوں میں کارکنان کو متحرک کرینگے جبکہ قانونی محاذ پر جے آئی ٹی رپورٹ اور الزامات کو وکیلوں کا پینل عدالتوں میں چیلنج کرے گا۔