لاہور: (دنیا نیوز) ن لیگی رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت کےخلاف اکٹھی ہو جائے، عمران حکومت ڈلیور نہیں کر پا رہی۔ عوام کو دھوکا دینے کیلئے حکومت نے بڑے بڑے دعوے کیے تھے تاہم مخالفین کوای سی ایل میں ڈالنے کے سوا کچھ نہیں کیا، پاکستان کامستقبل جمہوریت میں ہے۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ مولانافضل الرحمان کی بات مان لی جاتی تواپوزیشن آج مشکل کا شکار نہ ہوتی، ہم نے سینیٹ الیکشن میں بھی پیپلزپارٹی کوسمجھایا تھا مگر اس وقت پیپلز پارٹی ٹریپ ہو چکی تھی۔ آصف علی زرداری کو نوازشریف کی باتیں یاد آتی ہونگی۔ اپوزیشن کے اکٹھا ہونے سے ہی شہبازشریف چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنے ہیں، پیپلزپارٹی اگر اپنا چیئرمین سینٹ لانے اور پنجاب اسمبلی میں تعاون کرے توہم اکٹھے ہوسکتے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ مزید کتنے دن پی ٹی آئی حکومت کی نالائقی برداشت کریں، احتساب سب کا ہونا چاہیے۔ درست احتساب ہوتا توعلیم خان کا نام بھی ای سی ایل میں شامل ہوتا۔ جہانگیر ترین اورعلیمہ خان جرمانہ ادا کرکے بری الذمہ ہوسکتے ہیں توسب کیساتھ ایسا ہونا چاہیے۔ فیصل واوڈا کی بھی پراپرٹی نکل آئی ہے، ان کے نام ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالے جاتے۔ طلال چودھری نے کہا کہ پوری اپوزیشن بھی گرفتار ہو جائے تو حکومت مدت پوری نہیں کر سکتی۔