دوحہ: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود ایک روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے، قطری چیف آف پروٹوکول وزارت خارجہ نے ہوائی اڈے پراستقبال کیا۔ ائیرپورٹ پر پاکستانی سفیرابراہیم یوسف فخرو اور پاکستانی سفارتخانے کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
وزیرخارجہ اپنے دورے کے دوران قطر کے وزیراعظم، نائب وزیراعظم قطرسمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال اور افغان مفاہمتی عمل پر گفتگو ہو گی۔ وزیرخارجہ پاک قطر تعاون اور تجارت بڑھانے سمیت اہم علاقائی وعالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
یاد رہے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے روس، چین، ایران اور افغانستان کا چند روز قبل دورہ کیا ہے جس کے دوران افغان امن عمل سمیت خطے میں ہونے والی پیش رفت سمیت دیگر معاملات پر ان ملکوں کی قیادت کو اعتماد میں لیا ہے۔