اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بطور چیئرمین پی اے سی تقرری اور پروڈکشن آرڈر روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، آج ہی سنائے جانے کا امکان ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں شہباز شریف کی بطور چیئرمین پی اے سی تقرری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سنگین الزامات پر شہباز شریف جیل میں ہیں، ملزمان کے پارلیمنٹ اجلاس کیلئے پروڈکشن آرڈر خلاف آئین ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ جب تک جرم ثابت نہ ہو ملزم بے گناہ ہوتا ہے، پارلیمنٹ کے اختیارات میں کس طرح مداخلت کر سکتے ہیں؟ کسی رکن کو اجلاس کے لیے جیل سے بلانا پارلیمنٹ کا اندرونی معاملہ ہے، یہ معاملہ پارلیمنٹ کو حل کرنے دیں، ہم 22 کروڑ کی نمائندہ پارلیمنٹ کا وقار مجروح نہیں کر سکتے۔