لاہور: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی نے جے آئی ٹی رپورٹ کے افشا ہونے کا وزیراعظم کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انکے استعفے کا مطالبہ کر دیا، پیپلزپارٹی نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد بھی جمع کرا دی۔
پیپلزپارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کے معاملے پر بنائی گئی جے آئی ٹی رپورٹ کو افشاء کرنے پر وزیراعظم عمران خاں مستعفی ہوں، وزارت داخلہ کا قلمدان عمران خان کے پاس ہے، جے آئی ٹی کی رپورٹ افشاء ہونا وزیراعظم کی رضا مندی کے بغیر ممکن نہیں۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کے معاملے پر قائم کردہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کو میڈیا میں لیک گیا گیا، رپورٹ کو افشا کرنا سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہے اور رپورٹ کا افشا ہونا جے آئی ٹی کے اپنے ضابطہ اخلاق کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ کا لیک ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت اپنے سیاسی مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، حکومت قومی اداروں کے ذریعے پیپلزپارٹی کی قیادت کا میڈیا ٹرائل کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خاں رپورٹ افشا کر کے صادق اور امین نہیں رہے وہ فوری طور پر اپنے منصب سے مستعفیٰ ہوں۔