اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ وہ بہت جلد مہمند ڈیم منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے جبکہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم منصوبے وقت سے پہلے شروع ہو جائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان سے دبئی میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے ممتاز مسلم کی سربراہی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سینیٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے وزیرِ اعظم کو ڈیم فنڈ ریزنگ ایونٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم فنڈ کے لئے اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ قابلِ تحسین ہے۔ ملک میں پانی کے ذخائر کی حفاظت وقت کی اہم ضرورت ہے، دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ کے سلسلے میں اندرون اور بیرون ملک پاکستانیوں سے حوصلہ افزا ردعمل سامنے آیا ہے اور اس لئے انہیں امید ہے کہ ڈیموں کی تعمیر کے منصوبے مقررہ وقت سے پہلے شروع ہو جائیں گے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ وہ بہت جلد مہمند ڈیم منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے جو کئی سال سے التوا کا شکار ہے۔ اس موقع پر وفد نے وزیراعظم کو دیامر بھاشا ڈیم کے لئے 9 لاکھ 18 ہزار 510 ڈالرز کا عطیہ دیا۔