اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ترکی چلے گئے، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر خزانہ اسد عمر بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی ترکی جانے والے وفد کا حصہ ہیں۔
وزیراعظم کو دورہ ترکی کی دعوت صدر رجب طیب اردگان نے دی ہے، وزیراعظم عمران خان دورے میں صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کریں گے، عمران خان اور رجب طیب اردگان پاک ترک تعلقات سمیت مختلف امور پر بات چیت کریں گے، دونوں رہنما خطے سمیت مسئلہ کشمیر اور افغان مفاہمتی عمل پر بھی گفتگو کریں گے۔
ترک صدر وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیں گے، وزیراعظم عمران خان ترکی میں بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، عمران خان ترکی کی ممتاز کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیر اعظم جمعے کی رات کو پاکستان واپس آئیں گے۔