اسلام آباد: (دنیا نیوز) گیس کے بعد بجلی کا بھی بحران پیدا ہو گیا، گدو پاور سٹیشن ٹرپ ہونے کے بعد جنوبی پنجاب اور سندھ کے بیشتر علاقوں کی بتی گل ہوگئی، لاہور، ملتان اور فیصل آباد کے اضلاع میں لوڈشیڈنگ بڑھا دی گئی۔
گدو پاور اسٹیشن بند ہونے سے این ٹی ڈی سی کے 500 کے وی کے 6 اور 220 کے وی کے 15 سرکٹ شدید متاثر ہوئے، لیسکو ، فیسکو اور میپکو کے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا۔ پاور ڈویژن کے مطابق بجلی بحال کرنے کے لئے تکینیکی ٹیمیں کام کر رہی ہیں، متاثرہ علاقوں میں عارضی لوڈمنیجمنٹ پلان پرعمل درآمد شروع ہے۔
گدو بجلی گھر ٹرپ کرنے کا ملبہ دھند پر ڈال دیا گیا ہے، تاہم ذرائع کے مطابق اس کی اصل وجہ ایل این جی کی فراہمی میں کمی ہے۔ سالانہ بھل صفائی کے باعث نہریں بند، تربیلا اور منگلا سے بجلی کی فراہمی محدود، صرف 600 میگاواٹ پن بجلی پیدا ہورہی ہے، ملک بھر کے مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔