بدین: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ صدقے کے بکروں کی باتیں گمراہ کن ہیں، ڈرامے بند کئے جائیں۔ ایک نہیں پچاس کیس بناو ڈٹ کر مقابلہ کریںگے۔ حکمرانوں نے ہاتھ میں کشکول اٹھا رکھا ہے، کام نہیں آتا تو نوکری کرتے کیوں ہو۔
آصف زرداری بدین میں جلسے سے خطاب کے دوران حکمرانوں کو للکارتے رہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے عوام کوکیا چاہیئے، بی بی عوامی خدمت کی ذمہ داری مجھ پر چھوڑ کر گئی ہیں، ہم نےغریبوں کی خدمت کرنی ہے، یہ ذمہ داری قیامت تک اٹھائیں گے۔
سابق صدر نے کہا کہ جب جیل جاتاہوں توزیادہ مقبول ہو جاتا ہوں، پہلی بار جب جیل گیا تو وہاں سے الیکشن جیتا۔ ہم نے طے کیا ہے کہ بی بی کے مشن کو آگے بڑھانا ہے، ایک نہیں 50 کیسز بناؤ، ہم سامنا کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ غیر سیاسی پوزیشن پر بیٹھے لوگوں کو سوچنا چاہیئے کل کیا ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ بجلی بنانے والوں کو ادائیگی نہیں ہو رہی، پورے سندھ میں پانی کی کمی ہے، کپتان کے آنے سے پہلے سٹاک مارکیٹ 90 بلین ڈالر تھی، 50 بلین ڈالر سٹاک مارکیٹ سے اڑ گیا۔ اب ان کوخیال آیا کہ ملک کوخطرہ ہے۔ ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے ہیں اور الیکشن سے پہلے بھی آگاہ کیا تھا اس کے بعد بھی کہا اس سے کام نہیں چلے گا۔ فائل دیکھ کر سائن کرنے سے کام نہیں چلے گا۔ یہ لوگ آگے کی گائیڈ لائن نہیں دیں گے، لوگ آپ کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے، ہم کام کر کے دکھائیں گے۔
آصف زرداری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشکول اٹھایا ہوا ہے، حکومت کہتی ہے پہلے 6 ماہ کچھ نہیں ہوسکتا، کام نہیں آتا تو نوکری کرتے کیوں ہو۔