اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ قومی دولت لوٹنے والے سابق حکمرانوں کو قانون کے مطابق سزائیں دلوائیں گے، نوازشریف کو سزا ہو چکی اب زرداری کی باری ہے، صدر ٹرمپ وزیراعظم عمران خان سے ملنا چاہتے ہیں۔
نعیم الحق کا اپنی پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ قومی دولت لوٹنے والے سابق حکمرانوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر قانون کے مطابق سزائیں دلوائیں گے۔ گزشتہ 10 برسوں میں ملک کو بے دردی سے لوٹا گیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں نعیم الحق کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے، جس میں افغانستان کے معاملے پر تبادلہ خیال ہو گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگلے ہفتے غربت کو کم کرنے کے لیے وزیراعظم خود اعلان کریں گے، وزیراعظم کا دورہ ترکی بڑا کامیاب رہا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سنہری دور کی طرف بڑھ رہا ہے، چند ماہ میں پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہوجائے گی،حکومت غربت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔