لاہور: (روزنامہ دنیا) وزارت داخلہ نے ملک بھر کے سرکاری دفاتر میں نماز کا اہتمام کرنے کی ہدایت کردی۔ وفاقی حکومت کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے تمام محکموں کے سربراہان کو نماز ظہر کے لیے آدھے گھنٹے اور نماز جمعہ کے لیے سوا دو گھنٹے کے وقفہ کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔
دوسری جانب رواں برس 2019ء میں آنے والی تعطیلات کی تفصیلات بھی جاری کردی ہیں۔ کچھ تعطیلات کو چاند نظر آنے سے مشروط کیا گیا جبکہ باقی تعطیلات سرکاری سطح پر منائی جائیں گی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹیفیکیشن کے تحت 5 فروری 2019ء بروز منگل کو کشمیر ڈے کی تعطیل ہوگی۔
تیئس مارچ 2019ء بروز ہفتہ پاکستان ڈے کی تعطیل ہوگی۔ یکم مئی 2019ء بدھ کے روز لیبر ڈے کی چھٹی ہوگی۔ عیدالفطر کی تعطیلات 5،6،7 جون کو ہوں گی۔ جبکہ عیدالضحیٰ کی تعطیلات 12،13،14 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔ یوم آزادی کی تعطیل 14 اگست بروز بدھ کو ہوگی۔ ستمبر کی 9 اور 10 تاریخ کو 9 اور 10 محرم الحرام کی تعطیلات ہوں گی۔عید میلاد النبیﷺ 10 نومبر کو منائی جائے گی اور اس موقع پر عام تعطیل ہو گی ۔ 25 دسمبر بروز بدھ قائد اعظم کی پیدائش اور کرسمس کی تعطیل ہوگی۔ اس کے علاوہ رواں برس 6 مئی بروز پیر اور یکم جولائی بروز پیر بینکوں میں تعطیل ہوگی۔