راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کراچی کا کاروباری طبقہ امن و امان کی بہتر صورت حال سے فائدہ اٹھائے، امن کے فوائد ملک کے معاشی استحکام کی صورت میں سامنے آنے چاہیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ کراچی، بزنس کمیونٹی کے وفد کی سپہ سالار سے ملاقات، کراچی میں امن کی بحالی پر پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ کراچی کے امن کی بحالی میں کاروباری برادری کا کردار اہم ہے۔ کاروباری طبقہ شہر میں امن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک کے معاشی استحکام میں اپنا حصہ ڈالے۔
اس موقع پر کاروباری افراد کے وفد نے شہر میں امن کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی معیشت میں بہتری کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔