اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کو خط لکھا ہے جس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر بننے کے لیے قانونی رائے مانگی گئی ہے، کہتے ہیں کہ بطور ممبر عوام کے پیسے کا محافظ ثابت ہوں گا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید پہلے شہباز شریف کے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین بننے کے مخالف اور اب آمنے سامنے آنے کو بے قرار ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو ٹف ٹائم دینے کی تیاری شروع کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کو خط لکھا ہے جس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر بننے بارے قانونی رائے مانگی ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کا خط میں کہنا ہے کہ وہ قانونی طور پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ممبر بن سکتے ہیں، رولز میں وفاقی وزیر کے پی اے سی کا ممبر بننے پر پابندی نہیں ہے۔
شیخ رشید احمد نے خط میں کہا ہے کہ وہ ماضی میں بھی پی اے سی کے ممبر رہ چکے ہیں، یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ عوام کے پیسے کا محافظ ثابت ہوں گا۔
شیخ رشید کی خواہش ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں شہباز شریف کے سامنے بیٹھیں اور اکاؤنٹس کمیٹی کے معاملات پر چیئرمین پی اے سی کو ٹف ٹائم دیں۔