ن لیگ کی درخواست منظور، خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری

Last Updated On 15 January,2019 03:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پرڈکشن آڈر جاری کر دیئے گئے، سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے پہلا پرڈکشن آڈر خواجہ سلمان رفیق کو ایوان میں بلوانے کے لیے جاری کیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے پرڈکشن آڈر جاری کرنے کا اختیار ملنے کے بعد پہلا آڈر جاری کر دیا، خواجہ سلمان رفیق پہلے رکن اسمبلی ہیں جن کے پروڈکشن آڈر سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے جاری کئے۔

مسلم لیگی وفد نے ملک ندیم کامران کی قیادت میں سپیکر چیمبر میں چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی اور استدعا کی کہ خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آڈر جاری کئے جائیں۔ جس پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے فوری طور پر خواجہ سلمان رفیق کے آڈر جاری کر دئیے۔

خواجہ سلمان رفیق کا پروڈکشن آرڈر جاری سیشن کے لئے کیا گیا۔ اس موقعہ پر لیگی وفد کے سربراہ ملک ندیم کامران نے سپیکر پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر باقاعدہ درخواست کرتے تو اس میں زیادہ وقت لگتا، سپیکر کو اب اختیار ہے کہ وہ ازخود بھی پرڈکشن آڈر جاری کرسکتے ہیں۔

پنجاب اسمبلی نے گزشتہ روز پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا اختیار سپیکر کو دینے کی ترمیم منظور کی تھی، منگل کی صبح اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس ضمن میں گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کیا جس کے بعد سپیکر نے خواجہ سلمان رفیق کو ایوان میں لانے کا پروڈکشن آرڈر جاری کیا۔