اسلام آباد: (دنیا نیوز) افغان مفاہمتی عمل کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، امریکی نمائندہ خصوصی آج وزیراعظم سے بھی ملیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کے ہمراہ وزارت خارجہ آنے والے وفد میں امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ، دفاع اور نیشنل سیکیورٹی کونسل کے نمائندے شامل تھے۔ شاہ محمود قریشی اور زلمے خلیل زاد کی ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل میں سہولت کاری کے لیے کاوشیں جاری رکھے گا، افغانستان میں قیام امن کے لیے مفاہمتی عمل مشترکہ ذمہ داری ہے۔ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے امریکا اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کرانے کے لیے سہولت کاری پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ زلمے خلیل زاد کا کہنا تھاکہ امریکی قیادت افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
واضح رہے کہ منصب سنبھالنے کے بعد امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد کا یہ خطے کا پانچواں دورہ ہے۔ آج شام کو زلمے خلیل زاد کی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات بھی شیڈول ہے۔