اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا۔ سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری ہونے کے بعد ای سی ایل سے نام نکالنے کا معاملہ بھی زیر غور آسکتا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے لیے ابتدائی طور پر 17 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا تھا جس میں ای سی ایل سے بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نام نکالنے کا معاملہ شامل نہیں تھا۔ گزشتہ اجلاس میں کابینہ نے سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے تک یہ معاملہ موخر کیا تھا۔ گزشتہ شام سپریم کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا اس لیے امکان ہے کہ کابینہ آج اس معاملے پر بھی غور کرے گی۔
جاری کئے گئے ایجنڈے کے مطابق وفاقی کابینہ پی ٹی اے کے چئیرمین کے تقرری، برطانیہ میں کیس لڑنے کے لیے قانونی ماہر کے اخراجات، پاور ڈویژن، ایوان صدر اور دوران ملازمت فوت ہونے والے سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کی مالی امداد کے پیکج کے لیے ضمنی گرانٹس کی منظوری دے گی۔ اجلاس میں سیمنٹ انڈسٹری کی طلب و رسد اور قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ وزارت تحفظ خوراک کے ناقابل استعمال جہاز کو ناکارہ قرار دینے کی بھی منظوری دی جائے گی۔