اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو سندھ کے عوام کو درپیش مسائل کا ادراک ہے، مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔
وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم اور رکن قومی اسمبلی سید امین الحق شریک تھے۔
حکومت کی جانب سے وزیر خزانہ اسد عمر، معاون خصوصی نعیم الحق اور قومی اسمبلی میں چیف وہپ عامر ڈوگر شریک تھے۔ ملاقات میں صوبہ سندھ خصوصاً کراچی اور حیدر آباد جیسے بڑے شہروں کے شہریوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے صوبائی سطح پر دونوں جماعتوں کے درمیان کوارڈینیشن کی مزید بہتری کے لئے کمیٹی قائم کی جائے گی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ ماہ حیدر آباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی اور تکمیل میں درپیش مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔