اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ حکومتی پالیسیوں کے بارے میں من گھڑت اور بے بنیاد پروپیگنڈے کے محرکات سے بخوبی آگاہ ہیں، میڈیا کے ساتھ مل کر اس مذموم ایجنڈے کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے، غلط اور بے بنیاد خبروں کی حوصلہ شکنی کی جائے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وزارت اطلاعات کے مختلف محکموں کے سربراہوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اطلاعات فواد چودھری، معاونین خصوصی افتخار درانی اور یوسف بیگ مرزا بھی موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزارت اطلاعات حکومتی پالیسیوں سے متعلق عوام کو باخبر رکھنے کے لئے مزید متحرک کردار ادا کرے۔ موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی پہلی حکومت ہے جو ملک کی حالت بدلنے کے لئے اپنے منشور کے مطابق ادارہ جاتی اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری کاوشوں کا مقصد ذاتی مفادات کا حصول نہیں بلکہ ملک اور عوام کی بہتری ہے۔ قوموں کی زندگی میں ادارہ جاتی اصلاحات ہمیشہ تکلیف دہ مرحلہ ہوتا ہے لیکن اس مشکل مرحلے کے بعد اچھا اور خوشحال دور شروع ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور اس کے مقاصد کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ مضبوط، متحرک اور ذمہ دار میڈیا ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کو باخبر رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی مہذب اور ذمہ دار معاشرہ بے بنیاد اور من گھرت خبروں کی تشہیر کی اجازت نہیں دیتا، بے بنیاد خبریں شائع کرنے کی روش کی حوصلہ شکنی کی جائے اور میڈیا کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے۔