اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپورٹس سے متعلق ٹاسک فورس کا ملک بھر میں موجود سپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاسی مداخلت، بد انتظامی اور سہولتوں کے فقدان کی وجہ ملک سپورٹس کے میدان میں پیچھے رہ گیا ہے۔
وزیرِاعظم عمران خان کے زیر صدارت ٹاسک فورس برائے سپورٹس کا اجلاس ہوا جس میں فہمیدہ مرزا، پرویز خٹک، معاون خصوصی نعیم الحق، معاون خصوصی افتخار درانی، چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
ٹاسک فورس نے کھیلوں میں زبوں حالی، وجوہات اور کھیلوں کی ترقی کے لئے سفارشات پیش کیں۔ اجلاس میں کرکٹ، ہاکی اور سکواش سمیت تمام کھیلوں کے حوالے سے متعلقہ تنظیموں کی کارکردگی کا مفصل جائزہ لیا گیا اور ملک بھر میں موجود سپورٹس بورڈز کی تشکیل نو اور کھلیوں کے احیا کے لئے نیا تنظیمی ڈھانچہ متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
نئے انتظامی ڈھانچے کا باقاعدہ اعلان اس ماہ کے آخر تک کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے شعبے میں ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ سیاسی مداخلت، بد انتظامی اور سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے سپورٹس کے میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں۔ کھیلوں کے میدان سمیت مطلوبہ سہولتوں کی فراہم کر کے نوجوان نسل کے ٹیلنٹ کو اجاگر کیا جا سکتا ہے۔