اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک سے پولیو کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے، حکومت نے پولیو کے خاتمے کو قومی ایمرجنسی قرار دے رکھا ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے سربراہ عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر ٹیدرس اور صدر بل گیٹس فاؤنڈیشن ڈاکٹر کرسٹوفر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر صحت عامر کیانی،معاون برائے انسداد پولیو بابر عطا بھی شریک تھے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر پولیو کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
صدر بل گیٹس فاؤنڈیشن نے وزیراعظم کو بل گیٹس کی جانب سے لکھا گیا خط پیش کیا جس میں بل گیٹس نے کہا کہ مائیکرو سافٹ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرسکتا ہے، بل گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان میں پولیو و صحت عامہ کے شعبوں میں سرمایہ کاری جاری رکھے گا، صدر بل گیٹس فاؤنڈیشن نے پولیو کے خاتمے کی کوششوں پر حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔