اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں نئے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے، مہمند ڈیم کی تعمیر سے بجلی کی کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم عمران خان سے تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے ملاقات کی اور انھیں ڈیم فنڈ ریزنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ فیصل جاوید نے وزیراعظم کو بتایا کہ ڈیم فنڈ میں اب تک 9 ارب روپے سے زائد اکٹھے ہو چکے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی فنڈ ریزنگ میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کے جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، گزشتہ حکومتوں نے نئے ڈیموں کی تعمیر کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا جس وجہ سے آج ملک کو لوڈشیڈنگ ک سامنا ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ وہ ڈیموں کے لئے اندرون و بیرون ملک فنڈ ریزنگ کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔