لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی شاہجہان بلوچ نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان مسلم لیگ کے ساتھ کھڑا ہونگا۔
شاہجہان بلوچ کا تعلق کراچی کے علاقے لیاری سے ہے جو پیپلز پارٹی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کوٹ لکھپت جیل میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں شاہجہان بلوچ نے لاہور میں حمزہ شہباز سے بھی ملاقات کی اور ن لیگ میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ہی وفاقی جماعت ہے اور ہمارے شہر کراچی کو اس کی ضرورت ہے، اس وقت مسلم لیگ ن مشکل میں ہے اور میں اس کا ساتھ دینے کے لیے اس میں شامل ہوا ہوں۔
نواز شریف نے شمولیت پر شاہ جہاں بلوچ کا خیر مقدم کیا۔ شاہجہاں بلوچ 2018ء کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے خلاف الیکشن لڑا تھا۔ عام انتخابات کے دوران ہی شاہجہاں بلوچ کو پارٹی سے خارج کیا گیا تھا۔ شاہجہاں بلوچ نے پی ایس 109 سائوتھ کراچی سے آزاد حثیت میں انتخاب لڑا تھا۔