اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک متنازع مسئلہ ہے، صدر جنرل اسمبلی سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر ماریا فرنینڈا نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کا کردار اہم ہے، پرامن اور مستحکم افغانستان پورے خطے کیلئے اہم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے صدر جنرل اسمبلی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن ملک ہے، ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک متنازع مسئلہ ہے۔ کشمیریوں نے آزادی کی جدوجہد کیلئے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی۔
مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق سوال پر صدر جنرل اسمبلی ماریا فرنینڈا نے کہا کہ انسانی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کا کردار اہم ہے، پرامن اور مستحکم افغانستان پورے خطے کیلئے اہم ہے۔ خواتین کے بنیادی حقوق کے حوالے سے اقدامات احسن ہیں۔ پاکستان نے افغان پناہ گزینوں کی بہترین انداز میں مہمان نوازی کی۔
اس سے پہلے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور صدر جنرل اسمبلی ماریا فرنینڈا کی ملاقات میں کشمیر سمیت اہم عالمی اور علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کیخلاف ورزیوں پر گہری تشویش سے آگاہ کیا اور مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد سخت بنانے پر بھی زور دیا۔