نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان میں ہونے والے حالیہ دہشتگردی واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی قونصلیٹ اور ضلع اورکزئی میں بزدلانہ حملے کئے گئے، دہشتگردی کسی بھی شکل میں ناقابل قبول اورعالمی امن کیلئےخطرہ ہے۔
کراچی میں واقع چینی قونصلیٹ پر 23 نومبر کو دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا تھا۔ واقعے میں 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید اور تینوں دہشتگرد ہلاک ہو گئے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو چینی عملے تک پہنچنے سے قبل ہی کامیاب آپریشن کرتے ہوئے انجام تک پہنچا دیا تھا۔
اُسی روز دوسرے دہشتگردی واقعے میں خیبرپختونخوا کے ضلع ارکزئی کے بارونق بازار کو دہشتگردوں نے نشانہ بنایا تھا جس میں 33 شہری جاں بحق اور 56 زخمی ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ چینی قونصلیٹ حملے کے حوالے سے کی گئی تحقیقات میں افغانی و بھارتی خفیہ ایجنسیوں کا گٹھ جوڑ ثابت ہوا ہے۔