لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال پر انصاف کے تقاضے ہر صورت پورے ہونگے، متاثرین کو انصاف ضرور ملے گا۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ سے مطمئن نہ ہوئے تو جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ وزیراعلیٰ کریں گے۔
وزیر قانون راجہ بشارت کا پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سانحہ ساہیوال میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے اور متاثرین کو انصاف ضرور ملے گا۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب نے آج اعلیٰ سطح اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں جے آئی ٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔
بشارت راجہ کا کہنا تھا اگر جے آئی ٹی کی رپورٹ سے مطمئن نہ ہوئے تو جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کریں گے۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ سانحہ ساہیوال دہشت گردی ہے یا نہیں؟جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے سے پہلے کہنا قبل از وقت ہوگا۔