اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) سابق ایم ڈی ، پی ٹی وی ڈاکٹر شاہد مسعود کو دل اور فالج کے حملے کی علامات پر پمز ہسپتال کے کارڈیک سنٹر میں داخل کرلیا گیا۔ ہسپتال میں ڈاکٹر شاہد مسعود کے دل اور نیورو کی بیماری سے متعلقہ ٹیسٹ کیے گئے جبکہ مز ید ٹیسٹ ہوں گے۔
ڈاکٹر شاہد مسعود کا کارڈیک سپشلسٹ ڈاکٹر محمد شفیع اور نیورو سرجری کے ڈاکٹر مظہر بادشا ہ نے معائنہ کیا ۔ ڈاکٹر وں کے مطابق ڈاکٹر شاہد مسعود کو اچانک بے ہوش ہونے اور15تا 20 منٹ حواس اور دماغی غیر حاضری کی شکایات پر ہسپتال میں منتقل کیاگیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق ڈاکٹر شاہد مسعود کو فالج یا دل کا اٹیک ہوسکتا ہے جس کی تصدیق کیلئے خون اور دیگر ٹیسٹ کرائے جارہے ہیں۔سپیشل رپورٹر کے مطابق سپریم کورٹ میں اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود نے اپنی ضمانت کی درخواست کی جلد سماعت کیلئے درخواست دائر کردی ۔ ڈاکٹر شاہد مسعود نے درخواست میں موقف اپنایا کہ انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے ، درخواست گزار ایک صحافی/اینکر پرسن ہے جو تین ماہ سے سلاخوں کے پیچھے ہے ،درخواست گزار کو میڈیکل کے مسائل کا سامنا ہے ، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست کل 24 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کرے ۔