لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ میں بسنت منانے کیخلاف درخواستوں پر تحریری جواب جمع کراتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال پنجاب میں بسنت نہیں منائی جا رہی، بسنت منانے کیلئے پہلے باقاعدہ قانون سازی کرینگے۔ جسٹس شکیل الرحمان نے کہا بسنت فیسٹیول کی حیثیت اور اس کے ممکنہ نقصانات پر عدالت کو تحفظات ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل الرحمان نے بسنت منانے کے حوالے سے دائر متفرق درخواستوں پر سماعت کی۔ پنجاب حکومت کے وکیل ایڈووکیٹ شعیب ظفر نے عدالت میں حکومت پنجاب کا تحریری جواب جمع کرایا۔
سرکاری وکیل نے آگاہ کیا کہ پنجاب حکومت کا رواں برس صوبے میں بسنت منانے کے حوالے سے کوئی ارادہ نہیں، حکومت پتنگ بازی کے معاملے پر تمام سٹیک ہولڈر سے مشاورت کے بعد کوئی اقدام اٹھائے گی، عدالت کو یقین دہانی کرائی گئی کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے بعد ہی بسنت منانے کا فیصلہ ہوگا۔
سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ بسنت کے حوالے سے مفروضوں کی بنیاد پر دائر درخواست خارج کی جائے۔عدالت نے کائٹ فلائنگ ایکٹ پر وکلا سے معاونت طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔