راولپنڈی: (دینا نیوز) نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دیں۔ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے احسان صادق کی سربراہی میں بننے والی جے آئی ٹی ٹیم کے اراکین نے بیانات قلمبند کروا دئیے۔
نیب ذرائع کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سربراہ احسان صادق دیگر ارکان کے ہمراہ نیب کے دفتر پیش ہوئے۔ جے آئی ٹی ارکان نے مختلف بینکوں اور اداروں سے حاصل کیا جانے والا ریکارڈ بھی نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر دیا۔
نیب جے آئی ٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام بینکوں اور اداروں سے براہ راست ریکارڈ بھی حاصل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس سے جڑے اہم کرداروں آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر فریقین کو طلب کرنے سے متعلق فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔
نیب ذرائع کے مطابق، جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش کیلئے نیب کی 4 ٹیمیں تشکیل دی گئیں، ہر تفتیشی ٹیم میں 9 ، 9 افسران تعینات ہیں، نیب کی پرانی عمارت کو جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کا ہیڈکوارٹر قرار دیا گیا ہے، تفتیشی ٹیموں میں ملتان، کوئٹہ اور کراچی نیب کے افسران بھی شامل ہیں۔ نیب نے 2 ماہ میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرنی ہے۔
یاد رہے چیئرمین نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس نیب راولپنڈی کے حوالے کیا تھا۔ پاناما جے آئی ٹی کے رکن عرفان نعیم منگی آصف زرداری، فریال تالپور، بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کیخلاف تحقیقات کریں گے۔ عرفان نعیم منگی نواز شریف کے خلاف بننے والی پاناما جے آئی ٹی میں بھی نیب کی جانب سے رکن تھے۔