اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی نااہلی کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ عثمان ڈار اور خرم شیر زمان نے درخواستوں میں سابق صدر پر اثاثے چھپانے کا الزام عائد کیا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں نے درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ آصف زرداری نے اپنے غیر ملکی اثاثے چھپائے، اس لئے وہ صادق اور امین نہیں رہے، آصف زرداری رکن پارلیمنٹ بننے کے اہل نہیں، انہیں حلقہ این اے 213 سے تاحیات نا اہل قرار دیا جائے۔
پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہے آصف زرداری کے خلاف اہم شواہد ہیں کہ انہوں نے اثاثے چھپائے ہیں، آصف علی زرداری کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔ عثمان ڈار اور خرم شیر زمان نے پہلے آصف زرداری کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ میں بھی درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے درخواست کو اعتراض لگا کر واپس کر دیا تھا۔