کراچی: (دنیا نیوز) سندھ بھر کے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز تین دن کیلئے بند ہے، ینگ ڈاکٹرز تنخواہوں، ہیلتھ انشورنس، الاونسز میں اضافے اور دیگر مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج ہیں۔ مریض اسپتالوں میں مسیحاوں کو تلاش کرتے رہے۔
ینگ ڈاکٹرز نے سندھ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال کر دی۔ کراچی کے سب سے بڑے جناح ہسپتال میں صبح سویرے مریضوں کا رش لگ گیا۔ او پی ڈی کھلی تو ڈاکٹرز بائیکاٹ کرگئے۔
ڈاکٹرز نے مریضوں کو رلتا چھوڑ کر ہسپتال میں احتجاج کیا اور کہا حکومت کو ایک ہفتے کا وقت دیا تھا، کسی نے رابطہ نہیں کیا، تمام ہسپتالوں میں او پی ڈیز تین دن تک بند رہے گی، مطالبات منظور نہ ہوئے تو ایمرجنسی، وارڈز میں بھی ہڑتال کرینگے، محکمہ صحت کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے۔