کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو اللہ کا آسرا ہے وہ کسی آمر کے آگے نہیں جھکتے، زرداری کسی اور مخلوق کی نہیں بلکہ اللہ اور عوام کی حمایت سے سرخرو ہوئے۔
شیخ رشید کے بیان پر ردعمل میں انہو ں نے کہا کہ آصف علی زرداری آمروں اور کٹھ پتلیوں کے بنائے مقدمات سے سرخرو ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا تھا کہ آصف زرداری کا کیس نواز شریف اور شہباز شریف سے ایک لاکھ گنا زیادہ خطرناک ہے، انہیں اللہ کے سوا اب کوئی نہیں بچاسکتا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف اور ن لیگ کے رہنماوں کے خلاف مقدمات اور سزاوں کے بعد دونوں پارٹیوں میں سیاسی اتحاد کی سزا پیدا ہوتی نظر آ رہی ہے۔ اس حوالے سے مولانا فضل الرحمن سرگرم عمل نظر آتے ہیں اور پارلیمنٹ میں آصف زرداری اور شہبازشریف کی ملاقات بھی ہو چکی ہے، دیکھنا یہ ہے کہ بڑی پارٹیوں کے متوقع سیاسی اتحاد کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔