اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی کا خاتمہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی اولین ترجیح ہے۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ اشتہاری اور مفرور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ نیب نے انسداد بدعنوانی حکمت عملی بنا رکھی ہے۔ 2017ء کے مقابلے میں 2018ء میں نیب کو زیادہ کرپشن شکایات موصول ہوئیں۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کردار سازی کیلئے 50 ہزار انجمنیں بنائی گئی ہیں۔ بدعنوانی کے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے سکولوں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کردار سازی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب ہاؤسنگ سوسائٹیوں، بینک فراڈ، منی لانڈرنگ اور سرکاری فنڈز میں خورد برد کے مقدمات کی تحقیقات کر رہا ہے۔