پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا پولیس یونیفارم علاقے کی روایات کے مطابق شلوار قمیض قرار دے دیا گیا۔ قبائلی اضلاع میں پولیس یونیفارم شلوار قمیض ہو گی۔
خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کی روایات کی پاسداری پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا۔ قبائلی اضلاع میں پولیس یونیفارم شلوار قمیض ہوگی۔
خیبر پختونخوا پولیس سربراہ کے مطابق سی پیک فورس میں بھی قبائلی اضلاع کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ قبائلی اضلاع کے عوام کو پولیس سے کوئی مسئلہ نہیں، آئندہ چھ ماہ میں نئے اضلاع میں پولیس سٹرکچر قائم کریں گے، پہلے مرحلے میں 22 ہزار خاصہ دار اور لیویز فورس پولیس میں ضم کریں گے۔
آئی جی کے مطابق قبائلی اضلاع پولیس بھرتی میں عمر اور تعلیم کی شرائط نرم کی جائینگی، پہلے مرحلے میں آٹھ ہزار سے زائد نئی پولیس بھرتی ہو گی۔
پولیس سربراہ کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں خیبر پختونخوا پولیس ایکٹ قبائلی اضلاع میں نافذ ہو گا۔ قبائل میں پولیسنگ کے عمل میں علاقے کے رسم ورواج کو ملحوظ خاطر رکھنے سے عوام اور پولیس کے مابین حائل خلیج کے خاتمے میں مدد ملے گی۔